بنگلورو 18؍ جون( ایس او نیوز ؍ ایجنسی ) ریاستی کابینہ کی تشکیل نو کے مطالبہ پر وزیر اعلیٰ سدارامیا کی کانگریس صدر سونیا گاندھی سے تقریباً 2گھنٹے کی بات چیت کے بعد کانگریس صدر نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے پیش کردہ فہرست کو منظوری دے دی ۔ نئے وزراء کی تیار کردہ فہرست شام تک گورنر واجوبھائی والا کو پیش کردی جائے گی ۔ اطلاعات کے مطابق قلمدانوں کی تقسیم کی کارروائی پیر کے دن انجام دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سدارامیا ، کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و انچارج برائے کرناٹک دی وجئے سنگھ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے مسلسل ملاقات کر کے ان سے اجازت طلب کررہے تھے کہ ریاست میں ’اچھی کارکردگی نہ دکھانے والوں ‘ کو وزارت سے نکال کر نئے چہروں کے انتخاب کے معاملے میں آزادی دی جائے تا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شبیہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے سہولیات اور اور بہتر ترقیاتی امور انجام دئے جائیں۔
جن وزراء کو برخاست کئے جانے کی توقع ہے ان میں پی ٹی پرمیشور نائک ( وزیر مزدور ) ، یوٹی قادر ( وزیر صحت ) ، امبریش (ہاؤزنگ )، کمنے رتنا کر (وزیر تعلیم ) ، ابھے چندرا جین (وزیر مچھلی پالن)، کرشنا بائرے گوڈا(وزیر زراعت)، دنیش گنڈوراؤ ( وزیر خوراک و شہری فراہمی)، ونئے کمار سوراکے (وزیر شہری ترقیات ) ، شمانور شیو شنکرپا(وزیر باغبانی)، وی۔سری نواس پر ساد(وزیر ریوینیو)، ایس ۔آر پاٹل (وزیر آئی۔ٹی بی ٹ )، قمرالاسلام (وزیر اقلیتی امور )، ستیش جارکی ہولی (وزیر چھوٹی صنعت )، بابو راؤ چن چن سور (وزیر ٹیکسٹائلس )، شیوراج تنگڈی (وزیر آبپاشی )، کے ابھے چندراجین (وزیر یوتھ ، ایمپورمنٹ اور اسپورٹ) ، منوہر ایچ تحصیلدار (وزیر ایکسائز) کے نام شامل بتائے جارہے ہیں۔
جن نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے ان میں ردر پالمانی (رکن اسمبلی ہاویری ) ، سنتوش لاڈ (رکن اسمبلی کلاگٹگی)، تنویر سیٹھ (رکن اسمبلی نرسمہاراجہ)، شیومورتی نائک، گوپال کرشنایا، این اے حارث (رکن اسمبلی ہریور )، ایم ۔کرشنپا(رکن اسمبلی وجئے نگر )، رمیش کمار (رکن اسمبلی سرینواس پور)، پرمود مادھوراج (رکن اسمبلی اڈپی )، ایس ۔ ایس ملیکارجن (رکن اسمبلیداونگرے نارتھ )، پریانک کھرگے (رکن اسمبلی چتاپورہ )، اپاجی ناڈا گوڑا، سدھو گوڑایا، این وائی گوپال کرشنا کے نام شامل ہیں۔
ہائی کمان کیساتھ میٹنگ مکمل ہونے کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے دونوں فہرستوں کے ناموں کا اشارہ دیا۔ تاہم یہ افواہیں بھی پھیلائی جارہی ہیں کہ کابینہ میں اور بھی کئی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں اور پارٹی کے حلقہ میں ان امور کو لیکر عدم اطمینان کا ماحول بنا ہواہے۔ وزیر یو ینیو سرینواس پرساد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کسی سے بھی اس معاملے میں بات چیت نہیں کی بلکہ انہوں نے خود اپنے طور پر یہ فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر مچھلی پالن کے ابھے چندراجین نے کابینہ سے نکالے جانے کے فیصلے کے بعد اپنے تمام طے کردہ پروگرام منسوخ کردینے کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے اراکین اسمبلی کے ایک حلقہ سے وزیر اعلیٰ کو یہ آواز دی جارہی تھی کہ پارٹی میں وفادار لیڈروں کو وزارت دے کر خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے جسے کئی وجوہات کی وجہ سے تاحال موقوف رکھا گیا تھا اور اراکین اسمبلی کا ایک وفد لگاتار دہلی میں یہ دباؤ ڈال رہا تھا کہ ریاست میں کانگریس کی شبیہ کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے سونیا گاندھی سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جلد از جلد کے پی سی سی کیلئے نئے صدر کو متعین کیا جائے کیونکہ ایک سال قبل ہی پرمیشور کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔ کانگریس ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پر امید ہیں کہ 2018میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وہ کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لائیں گے۔ کانگریس صدر نے ریاست میں ہوئے لیجس لیٹیو کونسل سمیت حالیہ انتخابات میں کانگریس کی خراب کارکردگی پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ۔